پولیس اور ریسکیو اداروں کے مطابق زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جبکہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔
پولیس کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں نئے سال کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے متعدد واقعات پیش آئے۔ چنیسر گوٹھ میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کورنگی، گولیمار، فائیو اسٹار اور نیو سبزی منڈی میں فائرنگ کے واقعات میں مجموعی طور پر 5 افراد زخمی ہوئے جبکہ گلشن معمار، زمان ٹاؤن اور دیگر علاقوں سے بھی فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
پولیس نے گلشن معمار، کورنگی، گولیمار، فائیو اسٹار، نیو سبزی منڈی اور زمان ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کے الزام میں 41 افراد کو گرفتار کر لیا۔
ادھر کوئٹہ میں بھی نئے سال کے آغاز پر ہوائی فائرنگ کی گئی جبکہ لاہور میں ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش پر 5 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ سال نو پر حیدر آباد میں ہوائی فائرنگ سے 4 افراد اور نواب شاہ میں 2 افراد زخمی ہوئے۔
کراچی میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی نشاندہی کے لیے ڈرون کیمروں کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق شہر میں پہلی مرتبہ ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے لیے ڈرون اڑائے گئے اور فائرنگ میں ملوث افراد کی ویڈیو ریکارڈ کر کے مقدمات درج کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے کراچی کے 16 سے زائد تھانوں کو ڈرون کیمرے فراہم کیے گئے۔
کراچی پولیس چیف جاوید اوڈھو نے کہا ہے کہ سال نو کے موقع پر شہر میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے اور ہلڑ بازی، ہوائی فائرنگ اور قانون شکنی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ پر مقدمہ اقدامِ قتل کے تحت درج کیا جائے گا اور شہر کے کسی علاقے کو بند نہیں کیا جائے گا۔






