میئر کراچی نے بتایا کہ اگلے چند دنوں میں بلاول بھٹو کی قیادت میں سیاسی جماعت شہر میں بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کرنے والی ہے، جس کا مقصد شہری سہولتوں کو بہتر بنانا اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کو یقینی بنانا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ کے ای ایم سی اور سندھ حکومت کی مشترکہ کوششوں سے شہری ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے، اور ٹاؤنز کی سطح پر بھی تعاون بڑھایا جا رہا ہے تاکہ منصوبے جلد مکمل ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور شہری مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیراتی کام مرحلہ وار مکمل کیے جا رہے ہیں،شہر کی تمام اہم شاہراہوں اور روڈ نیٹ ورک کو بہتر بنایا جا رہا ہے، جس سے ٹریفک کی روانی اور شہری سہولتوں میں خاطر خواہ بہتری آئے گی۔

مزید پڑھیں: کمپنیاں ملک چھوڑ رہی ہیں، ٹیکس اور توانائی کی قیمتیں حقیقی چیلنج ہیں، وزیر خزانہ

انہوں نے جہانگیر روڈ کی تعمیر کو شہر کی مجموعی ترقیاتی حکمت عملی کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے نہ صرف ٹریفک کے مسائل حل ہوں گے بلکہ شہریوں کی روزمرہ زندگی بھی آسان ہوگی۔

انہوں  نے زور دیا کہ کراچی کے شہریوں نے پیپلز پارٹی کو اعتماد دیا، اور اس اعتماد کے نتیجے میں شہر میں دن رات کام جاری ہیں۔ مختلف ترقیاتی پروجیکٹس بحال کیے جا رہے ہیں، جن میں بنیادی ڈھانچے کی بحالی، سڑکوں کی مرمت، اور عوامی سہولتوں کی بہتری شامل ہے، کراچی کے شہری اس تبدیلی کو محسوس کریں گے اور آنے والے وقت میں مزید سہولیات شہر میں دستیاب ہوں گی۔

میئر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جاری منصوبوں میں تعاون کریں اور ہر سطح پر ترقیاتی کام کی شفاف نگرانی کریں تاکہ شہر میں ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔