کراچی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پولیس چیف آزاد خان نے کہا کہ کراچی کو امن و امان، ٹریفک، اسٹریٹ کرائم اور شہری سہولیات سمیت کئی چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم پولیس ان تمام مسائل سے نمٹنے کے لیے جدید حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا خطہ دہشت گردی کے خطرات سے مکمل طور پر محفوظ نہیں، اس لیے کراچی پولیس ہر ممکن حفاظتی اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے، مختلف نوعیت کے واقعات ضرور پیش آئے، لیکن مجموعی طور پر شہر کی سکیورٹی صورتحال پہلے سے بہتر ہوئی ہے۔
آزاد خان نے اسٹریٹ کرائم کو کراچی کے بڑے مسائل میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھتہ خوری کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں، حالیہ دنوں میں وارداتوں میں ملوث ایک سرگرم جرائم پیشہ گروہ کے خلاف کامیاب آپریشن کیا گیا، جس کے بعد جرائم پر قابو پانے میں پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں اب کوئی ایسا علاقہ نہیں جہاں پولیس کی رسائی نہ ہو۔ ان کے بقول شہر کے تمام علاقوں میں بلاامتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔
پولیس چیف نے بھکاریوں کی بڑھتی تعداد پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بڑی تعداد میں پیشہ ور بھکاری اس لیے آتے ہیں کیونکہ انہیں یہاں مالی مدد مل جاتی ہے، اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے بھی متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کے مطابق سیف سٹی منصوبہ شہر کے لیے انتہائی اہم ہے، تاہم اس پر عمل درآمد میں تاخیر ہوئی، منصوبے کے دوسرے مرحلے میں مزید 2 ہزار جدید کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں، لیکن کراچی جیسے بڑے شہر کے لیے یہ تعداد بھی ناکافی ہے اور مستقبل میں مزید کیمروں کی ضرورت ہوگی۔
آزاد خان کا کہنا تھا کہ ٹریفک کے مسائل صرف قانون نافذ کرنے سے حل نہیں ہوں گے بلکہ اس کے لیے بہتر ٹریفک انجینئرنگ، سڑکوں کی بروقت مرمت اور جدید ماس ٹرانزٹ نظام کی ضرورت ہے، اگر کراچی میں مؤثر پبلک ٹرانسپورٹ دستیاب ہوتی تو لاکھوں شہری موٹرسائیکلوں پر انحصار نہ کرتے اور شہر میں ٹریفک کا دباؤ بھی نمایاں طور پر کم ہوتا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی پولیس جدید ٹیکنالوجی، کمیونٹی پولیسنگ اور انسدادِ منشیات سمیت مختلف شعبوں میں اصلاحات کے ذریعے شہریوں کو مزید محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔







