بلوچستان کے وزیرِ داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ پاکستان کا یومِ آزادی قریب ہے اور یہ پاکستانیوں کے لیے خوشی کا بڑا موقع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمن اس موقع کو خراب کرنا چاہتے ہیں اور سکیورٹی اداروں کو اس حوالے سے شرپسندی کی اطلاعات بھی ملی تھیں، جس کے باعث لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے موبائل فون سروس بند کی گئی۔

موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس کی بندش کے باعث صارفین کو پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم منگل کی دوپہر کو کوئٹہ اور بلوچستان کے متعدد دیگر علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بحال کر دی گئی۔

دوسری جانب سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر کوئٹہ اور پاکستان کے دیگر شہروں کے درمیان چلنے والی جعفر ایکسپریس کی آمدورفت بھی منگل کے روز معطل رہی۔

بلوچستان کے متعدد شہروں میں سکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں، جب کہ بعض شہروں میں سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر بینک بھی بند ہیں۔