محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں بھی خشک موسم متوقع ہے۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند چھائے رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جن میں لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، ملتان، کوٹ ادو، جھنگ، ڈیرہ غازی خان، بہاولنگر، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور، خانیوال، خانپور، بہاولپور اور رحیم یار خان شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 27 سے 31 دسمبر کے دوران بارش برسانے والا نیا موسمی سسٹم پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث لاہور اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش متوقع ہے۔ اس سسٹم کے زیر اثر مختلف علاقوں میں موسم کی تبدیلی آ سکتی ہے اور سردی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
محکمے کا کہنا ہے کہ اس سے قبل ملک میں داخل ہونے والا مغربی سسٹم لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں سے بارش برسائے بغیر گزر گیا تھا، جس پر شہریوں میں مایوسی پائی گئی۔ تاہم آئندہ آنے والا سسٹم نسبتاً زیادہ مؤثر ثابت ہونے کا امکان رکھتا ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد رہے گا، جبکہ سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، بینظیر آباد، موہنجوداڑو اور گرد و نواح میں دھند پڑنے کی توقع ہے۔ اسی طرح خیبر پختونخوا کے علاقوں پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی دھند رہنے کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔






