انہوں نے مولانا فضل الرحمٰن، آفتاب شیرپاؤ، ایمل ولی خان، سراج الحق، امیر مقام اور محمد علی شاہ باچا کو ٹیلی فون کرکے حکومت کے ساتھ مل کر امن کے قیام کے لیے تعاون کی دعوت دی۔
وزیراعلیٰ کی ان کوششوں کے ساتھ گورنر اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے درمیان بھی تعلقات میں بہتری آنے لگی ہے۔ اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے گورنر فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی اور انہیں سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی، جو گورنر نے قبول کر لی۔
یاد رہے کہ حال ہی میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں امن جرگہ بلانے کا فیصلہ کیا تھا، جس میں سابق وزرائے اعلیٰ، گورنرز، علمائے کرام، سول سوسائٹی، وکلا اور دیگر اہم شخصیات کو مدعو کیا جائے گا۔
گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کی سینئر قیادت کا اجلاس بھی ہوا، جس میں چیئرمین بیرسٹر گوہر، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، اسد قیصر، جنید اکبر اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے کی سیکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا، ہنگو بم دھماکے کے شہدا کے لیے دعا کی گئی اور پولیس کی قربانیوں کو سراہا گیا۔






