گلگت بلتستان اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ گلگت بلتستان کو عبوری صوبے کی حیثیت دیتے ہوئے پاکستان کی قومی اسمبلی، سینیٹ اور دیگر تمام آئینی اداروں میں نمائندگی دی جائے۔

قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ گلگت بلتستان اسمبلی کی اس قرارداد پر عمل درآمد کے لیے تمام ضروری آئینی، قانونی اور انتظامی اقدامات کرے۔

قرارداد کے متن کے مطابق گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے سے مستقبل میں مسئلہ جموں و کشمیر پر استصوابِ رائے یا پاکستان کے بین الاقوامی مؤقف پر کوئی اثر نہیں پڑنا چاہیے، اور عبوری صوبائی حیثیت پاکستان کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق ہوگی۔

قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو ملک کے دیگر صوبوں کے شہریوں کے برابر آئینی، جمہوری اور سیاسی حقوق فراہم کیے جائیں۔

اسمبلی نے قرارداد میں سفارش کی کہ عبوری صوبائی حیثیت کے نفاذ کے لیے آئینی، قانونی اور انتظامی اقدامات کا باقاعدہ آغاز کیا جائے تاکہ گلگت بلتستان کے عوام کو قومی سطح پر مکمل نمائندگی اور مساوی حقوق حاصل ہو سکیں۔