محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اور ایف آئی اے کے کراچی و لاہور زون کے ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایف آئی اے امیگریشن ونگ کی مجموعی کارکردگی اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران پیشہ ور بھکاری مافیا کے خلاف جاری کارروائیوں پر بھی غور کیا گیا، جبکہ وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ غیر قانونی امیگریشن میں ملوث کسی بھی گروہ کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے۔
اس موقع پران کا کہنا تھا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کسی بھی قسم کی نرمی کے مستحق نہیں۔ انہوں نے ایئرپورٹس پر امیگریشن چیکنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور سفری دستاویزات کی سخت جانچ پڑتال یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے تشخص کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔






