سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان موجود مضبوط دفاعی شراکت داری کو مزید فروغ دینے، مشترکہ تربیتی پروگرامز، دفاعی صنعت میں تعاون اور سیکیورٹی معاملات پر رابطوں کو بڑھانے سے متعلق امور بھی زیر غور آنے کا امکان ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورے کو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دفاع، معیشت، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے اعلیٰ سطحی رابطے جاری رہتے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آرمی چیف اپنے دورے کے دوران ترک حکام کے ساتھ خطے کی موجودہ صورتحال، امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں اور سیکیورٹی چیلنجز پر بھی گفتگو کریں گے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر قطر پہنچ گئے، نواز شریف بھی ہمراہ
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، جبکہ دونوں ممالک مختلف عسکری شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور سفارتی روابط موجود ہیں، جبکہ دونوں ممالک عالمی اور علاقائی معاملات پر ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہیں۔






