جمعرات کی صبح یوٹیوب کی سروس عالمی سطح پر متاثر ہوئی جس کے باعث دنیا بھر میں لاکھوں صارفین ویڈیوز دیکھنے اور سٹریمنگ سے محروم رہے۔ اس دوران صارفین کو ویڈیوز چلانے میں پلے بیک ایرر جیسے پیغامات موصول ہوتے رہے۔
مسئلہ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک برقرار رہا اور یوٹیوب کے ساتھ یوٹیوب میوزک اور یوٹیوب ٹی وی کی سروسز بھی متاثر ہوئیں۔ویب سائٹ ڈاؤن ڈٹیکٹر کے مطابق دنیا بھر سے لاکھوں صارفین نے شکایات درج کرائیں۔ یوٹیوب کی ٹیم نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا کہ وہ اس مسئلے سے آگاہ ہیں اور تکنیکی ٹیم بحالی پر کام کر رہی ہے۔ کمپنی نے صارفین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ مسئلہ حل کر دیا گیا ہے اور تمام سروسز اب معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔
یوٹیوب کی جانب سے خرابی کی اصل وجہ تاحال واضح نہیں کی گئی تاہم ماہرین کے مطابق یہ مسئلہ سرورز پر زیادہ لوڈ، تکنیکی خرابی یا ممکنہ سائبر حملے کے باعث ہو سکتا ہے۔ یہ بندش امریکا، یورپ، کینیڈا، آسٹریلیا اور پاکستان سمیت کئی ممالک میں دیکھی گئی۔ کمپنی نے کہا ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے مزید حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ صارفین کو بہتر تجربہ فراہم کیا جا سکے۔





