وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ مجھے دبئی میں میزائل کے ملبے تلے دب کر دو پاکستانی شہریوں کی المناک موت پر گہرا دکھ ہوا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کا سفارتی مشن دبئی کے حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا سکے اور جاں بحق افراد کی میتوں کی وطن واپسی کے عمل کو آسان بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ غم کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

اس سے قبل اتوار کی صبح متحدہ عرب امارات میں قائم پاکستانی سفارتخانے کے ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ گزشتہ روز دبئی کے علاقے البرشا میں میزائل کو انٹرسیپٹر کے ذریعے فضا میں تباہ کیے جانے کے بعد اس کا ملبہ گرنے سے ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہو گیا تھا۔