چھاترو شبر کے ناظم اعلیٰ نور الاسلام نے اپنے دورۂ پاکستان کا آغاز لاہور میں واقع پھول بلڈنگ سے کیا، جہاں 1947 میں چند نوجوانوں نے اسلامی  جمعیت طلبہ کی بنیاد رکھی تھی۔ وفد نے مینار پاکستان، گریٹر اقبال پارک میں واقع نیشنل ہسٹری میوزیم، بادشاہی مسجد اور علامہ محمد اقبال کے مزار پر دعا کے لیے حاضری دی۔

اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے مرکزی سیکریٹریٹ کے دورے کے دوران مختلف شعبوں میں تحریک اسلامی سے وابستہ افراد نے ان کا خیر مقدم کیا، جبکہ اس موقع پر جماعت اسلامی کے ذمہ داران کے ساتھ ان کی خصوصی نشست بھی منعقد ہوئی۔ وفد نے ایچ اے ذیلدار پارک اچھرہ میں واقع سید ابوالاعلیٰ مودودی اکیڈمی میں  سید ابوالاعلیٰ مودودی  کی قبر پر دعا کی، جبکہ اکیڈمی میں قائم  سید  مودودی سے وابستہ میوزیم کا دورہ بھی کیا۔

اسلامی جمعیت طلبہ لاہور نے وفد کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام بھی کیا، جہاں شبر کے ناظم اعلیٰ نے کارکنانِ جمعیت کے ساتھ براہ راست گفتگو کی۔ لاہور میں واقع تاریخی درسگاہ جامعہ پنجاب میں بھی وفد نے پاکستان کے تعلیمی نظام پر تعارفی نشست میں شرکت کی۔


امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے منصورہ لاہور میں وفد کے اعزاز میں عشایئے کا اہتمام کیا۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان روابط کے مزید فروغ پر زور دیا۔

 اپنے دورۂ اسلام آباد کے دوران سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے وفد کا استقبال کیا اور تحریک اسلامی بنگلہ دیش کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس دوران اسلامی جمعیت طلبہ اسلام آباد کے کارکنان کیساتھ نشست کا اہتمام کیا گیا۔

 بعد ازاں اسلام آباد میں چھاترو شبر کے ناظم اعلیٰ نے عشائیہ میں شرکت کی اور طلبہ سے متعلق مختلف امور پر گفتگو کی۔ دورے کے اختتام پر وفد نے کراچی میں ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان صاحبزادہ وسیم حیدر سے ملاقات کی۔ وفد کو اسلامی جمعیت طلبہ کے ذمہ داران نے کراچی ایئرپورٹ سے رخصت کیا۔