سرکاری میڈیا پی ٹی وی نے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ آپریشن پاکستان آرمی، فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان اور پولیس کی جانب سے مشترکہ طور پر جاری ہے، جس میں دہشت گردوں کے خلاف فضائی اور زمینی دونوں سطحوں پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 105 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

دوسری جانب وزارتِ داخلہ نے بھی آپریشن کے دوران مزید دہشت گردوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہا ہے۔

وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ایک بیان میں پاکستان آرمی، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے افسران و اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مشترکہ کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ریاست کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں نے بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے، جب کہ پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔