وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے مسلم لیگ (ن) کی قیادت، پالیسیوں اور ترقیاتی وژن پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، جس پر وہ عوام کے شکر گزار ہیں۔
وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) کے تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کی قیادت، پارٹی کی منظم انتخابی مہم اور کارکنوں کی مسلسل محنت کا نتیجہ ہے، پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے انتخابی مہم کے دوران عوام سے براہِ راست رابطہ کیا، جس کا مثبت اثر انتخابی نتائج میں واضح طور پر نظر آیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے آزاد جموں و کشمیر میں عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور خوشحالی کے ایجنڈے کو مؤثر انداز میں پیش کیا، جسے ووٹرز نے بھرپور پذیرائی دی، انتخابی نتائج اس امر کا ثبوت ہیں کہ عوام نے مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں اور کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آزاد جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی، معاشی استحکام، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عوام سے کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں مختلف سیاسی جماعتوں کی بھرپور شرکت جمہوری نظام کے استحکام کی علامت ہے، انتخابی عمل میں عوام کی فعال شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ جمہوری روایات مضبوط ہو رہی ہیں اور عوام اپنے نمائندوں کے انتخاب میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں قائم ہونے والی نئی حکومت عوامی خدمت، شفاف طرز حکمرانی اور ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دے گی تاکہ خطے میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا جا سکے۔







