الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا، جس کے بعد مختلف پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ شہری اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز کا رخ کر رہے ہیں، جبکہ ووٹنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ مظفرآباد ڈویژن میں دوسرے مرحلے کے انتخابات 2 اگست کو منعقد ہوئے تھے، تاہم بعض علاقوں میں راستوں کی بندش اور خراب زمینی رابطوں کے باعث پولنگ عملہ اور انتخابی سامان بروقت متعلقہ پولنگ اسٹیشنز تک نہیں پہنچ سکا تھا۔ اسی صورتحال کے باعث حلقہ ایل اے 27 میں مکمل پولنگ ملتوی کردی گئی تھی، جبکہ ایل اے 28 کے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر بھی ووٹنگ مؤخر کر دی گئی تھی۔

آج ہونے والی پولنگ کے لیے سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ تمام حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر پولیس، سول آرمڈ فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات ہیں تاکہ ووٹنگ کا عمل پرامن اور شفاف انداز میں مکمل کیا جا سکے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کے حکام بھی پولنگ کے عمل کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھی تمام ضروری انتظامات مکمل ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے پہلے دو مراحل کے انتخابات کے غیرحتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) 24 نشستیں جیت کر واضح برتری حاصل کر چکی ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 9 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ آج ہونے والی پولنگ کے نتائج کے بعد اسمبلی کی مجموعی نشستوں کی تصویر مزید واضح ہو جائے گی۔