20ویں نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ریاست ہر چیز سے مقدم ہے۔ گورننس سے متعلق تحفظات ہو سکتے ہیں، لیکن ریاست کی سلامتی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاست مخالف عناصر پاکستان کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں اور بندوق کے زور پر اپنا نظریہ مسلط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بلوچستان ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں اور یہ رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ تشدد، ریاست مخالف پروپیگنڈا اور دہشت گردی کی حمایت کرنے والی آوازیں ملک میں نفرت اور انتشار پھیلا رہی ہیں، تاہم پاکستان کو کمزور کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی وجہ صرف پسماندگی نہیں بلکہ ایک مخصوص سوچ ہے، جو بندوق کے زور پر اپنا نظریہ مسلط کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست ایسے عناصر کے خلاف ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی۔





