لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ محرم الحرام کا پہلا عشرہ ملک بھر میں پرامن انداز میں اختتام پذیر ہوا، جس پر انہوں نے پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب کی کاوشوں کو سراہا،  تمام اداروں نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، جس کے مثبت اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی مارکیٹ کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور قیمتوں میں کمی کا زیادہ سے زیادہ فائدہ عوام تک پہنچانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،  حالیہ دنوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں جو کمی کی گئی، وہ عالمی منڈی میں ہونے والی کمی سے بھی زیادہ ریلیف پر مبنی تھی، جس کا مقصد مہنگائی کے بوجھ میں کمی لانا تھا۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے واضح ہدایات دی ہیں کہ جب بھی عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی آئے تو اس کا براہِ راست فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے، اسی پالیسی کے تحت حکومت مستقبل میں بھی فیصلے کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ بعض حلقے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے عوام میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم حکومت تمام فیصلے عالمی معاہدوں، توانائی پالیسی اور قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم نے مزید کہا کہ توانائی کی ضروریات پوری کرنے اور درآمدی اخراجات کم کرنے کے لیے مختلف ممالک سے سستے ذرائع تلاش کیے جا رہے ہیں، جن میں ایران سے تیل اور گیس کی ممکنہ درآمد بھی زیر غور ہے۔ تاہم اس حوالے سے کسی بھی فیصلے سے قبل تمام سفارتی، قانونی اور اقتصادی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔