تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی امن کوششوں کے لیے سعودی عرب کی مستقل حمایت پر ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کی بھرپور حمایت سے ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدہ ممکن ہوا۔

اس موقع پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کو تاریخی امن معاہدے کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی۔

ولی عہد نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کوششوں کو امن معاہدے کی کامیابی کا ایک اہم سبب قرار دیا۔

دونوں رہنماؤں نے ایران اور امریکا کے درمیان آئندہ مذاکرات کو کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنے کی ہر ممکن کوشش کے خلاف چوکس رہنے پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بہترین دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک جلد جامع اقتصادی پیکیج کو حتمی شکل دے کر اس پر دستخط کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقتصادی پیکیج سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں مکمل کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے ولی عہد محمد بن سلمان کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔

گفتگو کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے آئندہ بھی قریبی رابطے اور باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔