سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ یومِ عاشور ایسے موقع پر آیا ہے جب خطے میں ایک جنگ جاری تھی اور ایرانی قوم نے حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی قربانیوں کی یاد تازہ کر دی ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان نے اس جنگ میں جو کردار ادا کیا، وہ بھی ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مصالحت کروا کر پوری امتِ مسلمہ کے سامنے سرخرو ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ عاشورۂ محرم کے موقع پر عالم اسلام کا جو اتحاد دیکھنے میں آ رہا ہے، اس کی مثال گزشتہ صدیوں میں کم ہی ملتی ہے اور اس کا سہرا پاکستان کے عزم و استقلال اور ایرانی عوام کی ثابت قدمی کو جاتا ہے۔

 وزیر دفاع نے کہا کہ فلسطینیوں، ایرانیوں اور لبنانیوں کی قربانیاں رنگ لا رہی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب فلسطین ایک آزاد ریاست بنے گا اور لبنان کے عوام بھی اسرائیلی ظلم و ستم سے نجات حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یوم عاشور ہمیں حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کی عظیم اور ابدی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام گزشتہ اڑھائی سے تین برس سے جس استقامت اور قربانی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، وہ بھی کربلا کی یاد تازہ کرتی ہے۔

خواجہ محمد آصف نے دعا کی کہ مسلم ممالک جس اتحاد کا مظاہرہ کر رہے ہیں وہ دائمی صورت اختیار کرے اور پوری امت مسلمہ ایک پرچم تلے متحد ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں شہدائے کربلا کی دین اسلام سے لازوال محبت، ایثار اور قربانی کے جذبے کی پیروی کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے کشمیر، فلسطین کی آزادی اور مسلم ممالک اتحاد کی دعا کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 10 محرم الحرام کو 87 ماتمی جلوس برآمد ہو رہے ہیں، جب کہ رواں سال مثالی انتظامات کئے گئے ہیں اور تمام جلوسوں اور مجالس کی 410 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دفتر ڈپٹی کمشنر میں یکم محرم الحرام سے 24 گھنٹے مانیٹرنگ روم قائم ہے جو محکمہ داخلہ کے مرکزی مانیٹرنگ سیل سے منسلک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماتمی جلوسوں اور مجالس کے راستوں میں سبیلیں قائم کی گئی ہیں اور اس کے علاوہ ہیٹ سٹروک کیمپس بھی موجود ہیں۔ 

ڈی پی او دوست محمد نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی مہیا کرنے کے لئے 2600 سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹیاں سر انجام دے رہے ہیں اور تین درجاتی سکیورٹی مہیا کی گئی ہے اس کے علاوہ روف ٹاپ پر بھی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔