محکمہ موسمیات کے مطابق شام اور رات کے اوقات میں کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار کے چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ اتوار کو ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے مطابق سبی میں 48، دادو میں 47، جبکہ بھکر اور روہڑی میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر بحیرۂ عرب سے کمزور مرطوب ہوائیں ملک کے مشرقی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔ موسمی کم دباؤ شمال مغربی بلوچستان پر برقرار ہے، جب کہ خلیج بنگال سے مرطوب ہوائیں کل شام یا رات سے ملک کے شمال مشرقی حصوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 36 گھنٹوں کے دوران مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی ملک کے بالائی علاقوں تک پہنچنے کی توقع ہے۔





