برلن میں قائم سفارت خانۂ پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دوہری شہریت کے حوالے سے تمام قانونی، آئینی اور ضابطہ جاتی تقاضے مکمل کر لیے گئے ہیں، جس کے بعد جرمنی کو باضابطہ طور پر اُن ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے جن کے ساتھ پاکستان دوہری شہریت کی اجازت دیتا ہے۔
سفارت خانے کی جانب سے جاری عوامی نوٹس کے مطابق اب جرمنی میں مقیم پاکستانی نژاد افراد جرمن شہریت حاصل کرنے کی صورت میں اپنی پاکستانی شہریت برقرار رکھ سکیں گے۔ اس سے قبل جرمن شہریت کے حصول کے لیے پاکستانی شہریت ترک کرنا لازمی شرط تھی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ جرمنی میں آباد پاکستانی کمیونٹی کے دیرینہ مطالبے کی تکمیل ہے، جس سے ہزاروں پاکستانی تارکینِ وطن کو قانونی تحفظ اور عملی سہولت حاصل ہوگی۔ ماہرین کے مطابق اس اقدام سے پاکستان اور جرمنی کے درمیان سماجی، معاشی اور سرمایہ کاری کے روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ وہ پاکستانی نژاد افراد جنہوں نے ماضی میں جرمن شہریت حاصل کرنے کے لیے اپنی پاکستانی شہریت ترک کی تھی، ان کے لیے پاکستانی شہریت کی بحالی سے متعلق طریقۂ کار، شرائط اور مطلوبہ دستاویزات کی تفصیلات جلد الگ سے جاری کی جائیں گی۔ اس حوالے سے متعلقہ اداروں سے مشاورت جاری ہے۔
دوہری شہریت کی اجازت کے بعد جرمنی میں مقیم پاکستانی شہریوں کو روزگار، کاروبار، تعلیم اور سفری سہولیات میں نمایاں آسانی حاصل ہوگی، جبکہ پاکستان میں جائیداد، بینکاری، سرمایہ کاری اور خاندانی معاملات میں بھی بہتر قانونی سہولت میسر آئے گی۔
برلن میں مقیم پاکستانی شہری محمد حمزہ علی نے بتایا کہ وہ گزشتہ پانچ برس سے جرمنی میں ایک آئی ٹی کمپنی سے وابستہ ہیں اور اب تک جرمن شہریت اس لیے حاصل نہیں کی تھی کیونکہ اس کے لیے پاکستانی شہریت چھوڑنا ضروری تھا۔ ان کے مطابق پاکستانی شناخت ترک کرنا جذباتی اور عملی دونوں حوالوں سے مشکل فیصلہ تھا کیونکہ ان کے خاندان اور قانونی معاملات پاکستان سے جڑے ہوئے ہیں۔
پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوہری شہریت کی اجازت کے بعد محمد حمزہ علی جیسے ہزاروں پاکستانیوں کے لیے صورتحال تبدیل ہو گئی ہے، جو اب جرمن شہریت حاصل کرتے ہوئے اپنی پاکستانی شہریت برقرار رکھ سکیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان پہلے ہی امریکا، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، فرانس، اٹلی، بیلجیئم، نیدرلینڈز، سویڈن، ناروے، ڈنمارک، فن لینڈ، سوئٹزرلینڈ، آئرلینڈ، آئس لینڈ، لکسمبرگ، بحرین، مصر، اردن اور شام سمیت متعدد ممالک کے ساتھ دوہری شہریت کی اجازت دیتا ہے۔ جرمنی کی شمولیت کے بعد یورپ میں مقیم پاکستانیوں خصوصاً جرمنی میں آباد بڑی کمیونٹی کو نمایاں قانونی اور سفری سہولت حاصل ہو گئی ہے۔
سفارت خانۂ پاکستان نے جرمنی میں مقیم پاکستانی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دوہری شہریت سے متعلق مزید اپ ڈیٹس اور تفصیلات کے لیے سفارت خانے کی سرکاری ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نظر رکھیں۔







