تفصیلات کے مطابق ترکیہ نے پلے آف فائنل میں کوسوو کو 0-1 سے شکست دے کر 24 سال بعد ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔ اس سے قبل ترکیہ نے 2002 کے ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔
میچ کا واحد گول فارورڈ کریم اکترکوگلو نے کیا، جنہوں نے قریبی فاصلے سے گیند کو جال میں پہنچا کر ٹیم کی فتح یقینی بنائی۔
میچ کے بعد ترک میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکترکوگلو نے کہا کہ خدا کا شکر ہے، 24 سال بعد ہم نے یہ کامیابی حاصل کی۔ ہم میں سے کئی اس وقت پیدا بھی نہیں ہوئے تھے جب ترکیہ نے آخری بار کوالیفائی کیا تھا۔ ہم نے ہمیشہ ایسے لمحوں کا خواب دیکھا تھا۔
انہوں نے کہا کہ 2002 کی کامیابی ہمیشہ ان کے لیے ایک تحریک رہی اور اب وہ نئی نسل کو بھی بڑے خواب دیکھنے کا موقع دینا چاہتے ہیں۔
After 24 years away, Türkiye are back on the world stage. 🇹🇷@aramco | #FIFAWorldCup pic.twitter.com/wezSy8AwcZ
— FIFA World Cup (@FIFAWorldCup) March 31, 2026
ورلڈ کپ میں ترکیہ گروپ ڈی میں آسٹریلیا، پیراگوئے اور امریکا کے مدمقابل ہوگا۔
دوسری جانب عراق نے میکسیکو کے شہر مونٹیری میں کھیلے گئے بین البراعظمی پلے آف میں بولیویا کو 1-2 سے شکست دے کر 40 برس بعد پہلی بار ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔ اس سے قبل عراق نے 1986 میں ورلڈ کپ میں شرکت کی تھی۔
ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کے کوالیفائنگ مرحلے میں کامیابی کے بعد فیصلہ کن میچ جیت کر عراق نے مجموعی طور پر دوسری مرتبہ ورلڈ کپ میں جگہ بنائی۔
میچ میں لوٹن ٹاؤن کے علی الحمادی نے کارنر کک پر ہیڈر کے ذریعے عراق کو برتری دلائی، تاہم بولیویا نے ہاف ٹائم سے قبل موئسس پینیاگوا کے ذریعے مقابلہ برابر کر دیا۔
🇹🇷 Türkiye’s national football team qualifies for the World Cup after 24 years
— Anadolu English (@anadoluagency) April 1, 2026
🎉 Celebrations across the country echo scenes from 2002, as fans relive historic moments after more than two decades https://t.co/qXEzbFSBA3 pic.twitter.com/bcBwT7mZtq
بعد ازاں 54ویں منٹ میں ایمن حسین نے شاندار ٹیم موو مکمل کرتے ہوئے گول اسکور کیا جو میچ کا فیصلہ کن ثابت ہوا۔
ورلڈ کپ میں عراق کو گروپ ون میں سخت مقابلے کا سامنا ہوگا، جہاں اس کا مقابلہ فرانس، سینیگال اور ناروے سے ہوگا۔
دیگر ٹیموں میں بوسنیا و ہرزیگوینا نے اٹلی کو پینلٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا، جب کہ اٹلی مسلسل تیسری بار عالمی کپ میں جگہ بنانے میں ناکام رہا۔
بوسنیا کی قیادت تجربہ کار اسٹرائیکر ایڈن ژیکو کر رہے ہیں اور ٹیم گروپ بی میں کینیڈا، قطر اور سوئٹزرلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔
سویڈن نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد دیر سے کیے گئے گول کی بدولت ورلڈ کپ میں جگہ بنائی اور وہ گروپ ایف میں نیدرلینڈز، جاپان اور تیونس کے خلاف میدان میں اترے گا۔
جمہوریہ چیک نے ڈنمارک کو پینلٹیز پر شکست دے کر 20 سال بعد ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا، جب کہ وہ گروپ اے میں میکسیکو، جنوبی افریقہ اور جنوبی کوریا کے ساتھ شامل ہوگا۔
The final nations to qualify for FIFA World Cup 2026 are confirmed! 🎟️🏆#FIFAWorldCup pic.twitter.com/HKjFD0x3su
— FIFA World Cup (@FIFAWorldCup) April 1, 2026
ادھر ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو نے بھی 52 سال بعد ورلڈ کپ میں جگہ بنا لی۔ اس نے بین البراعظمی پلے آف میں جمیکا کو اضافی وقت میں 0-1 سے شکست دی۔
کانگو کی ٹیم گروپ کے میں پرتگال، کولمبیا اور ازبکستان کے خلاف مدمقابل ہوگی۔
یاد رہے کہ رواں سال مشرقِ وسطیٰ کے متعدد ممالک اس عالمی مقابلوں میں حصہ لیں گے، جن میں سعودی عرب، قطر، اردن، ایران، مصر، عراق اور ترکیہ اس سال ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں خطے کی نمائندگی کریں گے۔






