اس موقع پر پارٹی کا پرچم بھی متعارف کرایا گیا جبکہ ابتدائی رجسٹریشن کے آغاز کا اعلان بھی کیا گیا۔
لاہور کے لاہور پریس کلب میں جمعرات کو منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقرار الحسن نے کہا کہ ان کی جماعت کا بنیادی مقصد پاکستان کے سیاسی نظام میں حقیقی اور عملی تبدیلی لانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں برسوں سے رائج خاندانی اور روایتی سیاست نے نظام کو کمزور کیا ہے، اس لیے سیاست کو افراد کے بجائے مضبوط اداروں اور شفاف جمہوری عمل سے جوڑنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوام راج پارٹی کسی ایک فرد یا خاندان کی ملکیت نہیں ہو گی بلکہ اس کے اصل مالک پاکستان کے عام شہری ہوں گے۔ اقرار الحسن نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کو حاضر و ناظر جان کر کسی بھی سیاسی، حکومتی یا سرکاری عہدے کے حصول کی خواہش نہیں رکھیں گے۔ ان کے مطابق وہ نہ کبھی کسی عہدے کی توقع کریں گے اور نہ ہی کسی کے اصرار پر اسے قبول کریں گے کیونکہ ان کا اصل مقصد فکری اور اصلاحی جدوجہد ہے۔
اقرار الحسن نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ہم نے فوجی راج، بھٹو راج، خان راج اور گورنر راج دیکھا، لیکن اب اس ملک میں عوام راج ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک جمہوری جماعت کے قیام کی اس تحریک کو پاکستان عوام راج تحریک کا نام دیا جا رہا ہے اور دعا ہے کہ اللہ اس تحریک کو پاکستان کے حق میں بہتر کرے۔ اس کے ساتھ انہوں نے نعرہ بھی دیا کہ اب راج کرے گی خلقِ خدا۔
عوام راج تحریک اور سرخ رنگ کا جھنڈا !
— Umar Daraz Gondal (@umardarazgondal) January 15, 2026
اقرار الحسن نے لاہور پریس کلب میں نئی تحریک کا اعلان کردیا pic.twitter.com/eOR1Fr6pd9
قبل ازیں، اپنے بیانات میں اقرار الحسن کا کہنا تھا کہ ان کی جدوجہد کا مقصد اقتدار حاصل کرنا نہیں بلکہ عوام کو بااختیار بنانا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی جماعتیں دکانیں نہیں ہوتیں بلکہ ادارے ہوتی ہیں جو عوام کی ملکیت ہوتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور مغربی جمہوری نظام کا موازنہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا اور برطانیہ جیسے ممالک میں سیاسی جماعتوں کے اندر قیادت جمہوری عمل کے ذریعے تبدیل ہوتی رہتی ہے، جبکہ پاکستان میں سیاست چند خاندانوں کے گرد گھومتی رہی ہے۔
اقرار الحسن کے مطابق جب تک افراد کے بجائے پورے نظام کے خلاف اجتماعی جدوجہد نہیں کی جائے گی، عوام کو مسلسل ناکامی کا سامنا رہے گا۔ یاد رہے کہ انہوں نے دسمبر میں نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا تھا اور اس سے قبل عندیہ دیا تھا کہ جماعت کو 15 جنوری 2026 کو باضابطہ طور پر لانچ کیا جائے گا اور آئندہ انتخابات کے لیے بھرپور تیاری کی جائے گی۔







