وزیراعظم آفس سے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان انتہائی خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں گفتگو ہوئی، جس کے دوران امیرِ قطر نے پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کی تعریف کی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امن معاہدے کی کامیابی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کاوشوں کے ساتھ ساتھ قطر سمیت برادر ممالک کی مسلسل حمایت اور تعمیری کردار بھی انتہائی اہم رہا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے سوئٹزرلینڈ کے علاقے برگن اسٹاک میں ہونے والے ایران۔امریکا تکنیکی مذاکرات کے پہلے مرحلے پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ مثبت سفارتی رفتار کو برقرار رکھنا ضروری ہے تاکہ مذاکرات کامیابی سے اپنے منطقی انجام تک پہنچ سکیں۔

گفتگو کے دوران اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ مذاکراتی عمل کو تخریبی عناصر اور ایسے حلقوں سے محفوظ رکھا جائے جو امن کی کوششوں کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر امیرِ قطر نے راس لفان انڈسٹریل سٹی کے برزان گیس فیسلٹی میں آتشزدگی کے واقعے میں ایک پاکستانی شہری کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے ہمدردی اور تعزیت پر امیرِ قطر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے قطر میں مقیم تین لاکھ سے زائد پاکستانیوں کی میزبانی اور ان کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات پر قطری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

مزید پڑھیں؛ آبنائے ہرمز سے گزرنے پر فیس عائد کرنے کے کسی ایرانی منصوبے کی حمایت نہیں کریں گے، قطری وزیرِ اعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے رواں سال کے آغاز میں دوحہ کے اپنے دوروں کو یاد کرتے ہوئے امیرِ قطر کو جلد پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت کا اعادہ کیا۔ اس پر امیرِ قطر نے رواں سال کے اختتام سے قبل پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش اور آمادگی کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آنے والے دنوں میں پاکستان اور قطر خطے کے امن، سفارتی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے قریبی رابطہ اور مشاورت جاری رکھیں گے۔