انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے اسٹریٹ موومنٹ سے متعلق اپنا واضح پیغام خیبرپختونخوا کی قیادت کو دے دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کی دو روزہ کانفرنس کے اعلامیے سے وہ لاعلم ہیں اور اس بارے میں کوئی تفصیل نہیں جانتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے 22 نومبر کو پرامن احتجاج کی کال دی تھی، تاہم ان پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ انہوں نے عمران خان کا پیغام عوام تک پہنچایا۔
انہوں نے توشہ خانہ کیس کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف مقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے ہیں۔ علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے حالیہ پیغام میں کہا ہے کہ وہ قوم کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ عمران خان کو جیل میں مطالعے کے لیے 11 کتابیں بھجوائی گئی تھیں، جن میں سے 9 کتابیں انہیں موصول ہو چکی ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں پی ٹی آئی کے اندر مذاکرات اور احتجاج سے متعلق بیانات پر سیاسی حلقوں میں بحث جاری ہے۔






