کشمیریوں کے یومِ حقِ خودارادیت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا  کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے 1949 میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کیا تھا، تاہم انڈیا مسلسل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر انڈیا کا جبری قبضہ عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے اور کشمیری عوام کو ان کے بنیادی اور مسلمہ حقِ خودارادیت سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت کشمیری عوام کی منصفانہ اور جائز جدوجہد کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور مسئلہ کشمیر کا حل صرف اور صرف اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان ہر فورم پر اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یومِ حقِ خودارادیت کشمیری عوام کی طویل جدوجہد، قربانیوں اور استقامت کی ایک واضح یاد دہانی ہے۔