اداکارہ نے حال ہی میں ایک پروگرام میں شرکت کی جس میں انہوں نے محبت، شادی اور رشتوں کے موضوع پر کھل کر بات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے نزدیک محبت صرف ایک جذبہ نہیں بلکہ احساس کا نام ہے، جو کسی بھی رشتے کو مضبوط بناتا ہے۔
سعیدہ امتیاز نے کہا کہ اکثر مرد اپنی بیوی سے محبت کے دعوے کرتے ہیں لیکن دوسری خواتین سے بھی یہی الفاظ دہراتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں اپنی بیوی کا احساس ہو تو وہ کبھی ایسا نہیں کریں گے۔ احساس ہی وہ چیز ہے جو انسان کو غلط راستے پر جانے سے روکتی ہے۔
شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں ارینج میرج ڈراؤنی لگتی ہے، ان کے خیال میں شادی سے پہلے میاں بیوی میں مطابقت ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کی شادی محبت اور ارینج دونوں کا امتزاج ہو یعنی پسند اپنی ہو لیکن فیصلہ گھر والوں کی مرضی سے ہو۔
سعیدہ امتیاز نے بتایا کہ انہیں کئی سالوں سے یقین ہے کہ وہ پاکستانی مرد سے شادی نہیں کریں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں زیادہ تر مرد بے وفا ہوتے ہیں، جب کہ بیرونِ ملک ایسا بہت کم دیکھنے میں آتا ہے۔ وہاں ایک سے زیادہ شادیوں کی اجازت نہیں، اس لیے لوگ اپنے رشتوں کو سنجیدگی سے نبھاتے ہیں۔
اداکارہ نے یہ بھی اعتراف کیا کہ بعض معاملات میں خواتین بھی قصوروار ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایسی کئی کہانیاں سنی ہیں جن میں ایک بہن نے دوسری بہن کا گھر برباد کیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ لڑکیوں کو چاہیے کہ شادی شدہ مردوں کے بجائے کنوارے لڑکوں سے تعلقات رکھیں تاکہ کسی کا گھر نہ ٹوٹے۔
انہوں نے بتایا کہ بعض اوقات شادی شدہ مرد ان سے شادی کے پیغام بھیجتے ہیں، جس پر وہ سخت ردِعمل دیتی ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ انہیں کہتی ہیں کہ آپ کی بیگم کو اسکرین شاٹ بھیج دوں گی اور پھر وہ دوبارہ رابطہ نہیں کرتے۔
یاد رہے کہ سعیدہ امتیاز نے کئی پاکستانی فلموں اور ڈراموں میں کام کیا ہے ، ان کی مشہور فلموں میں سے ایک کپتان فلم ہے جو سابق وزیراعظم عمران خان پر بنائی گئی تھی۔






