لاہور میں فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لیے اینٹی اسموگ گن تیار کرلی گئی ہے۔ ایوانرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کے ترجمان کے مطابق یہ گن دو ماہ میں چینی ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کی گئی۔ ای پی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اینٹی اسموگ گن دو اکتوبر سے لاہور کی سڑکوں پر کام کرتی ہوئی نظر آئے گی۔ یہ گن شہر کے ان علاقوں میں استعمال کی جائے گی جہاں آلودگی کی شرح زیادہ ہے۔ ترجمان کے مطابق اینٹی اسموگ گن میں 12 ہزار لیٹر پانی محفوظ کیا جا سکتا ہے جسے فضا میں اسپرے کر کے آلودگی کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
ای پی اے حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سموگ سے پیدا ہونے والے صحت کے مسائل پر قابو پانا اور شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کرنا ہے۔ گن کی آزمائشی سروس مکمل کرلی گئی ہے اور اب اسے مرحلہ وار مختلف مقامات پر استعمال کیا جائے گا۔ واضع رہے کہ محکمہ ماحولیات کے مطابق یہ ٹیکنالوجی سموگ کے دنوں میں وقتی طور پر فضائی آلودگی کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے تاہم مستقل حل کے لیے صنعتی اخراج، ٹریفک اور دیگر ماخذات پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔ حکام کے مطابق آئندہ اس منصوبے کو دیگر شہروں تک وسعت دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔





