کومل عزیز خان نے حال ہی میں نجی ادارے کے مارننگ شو میں شرکت کے دوران اداکاری سے کنارہ کشی کی وجوہات پر کھل کر بات کی۔

ان کا کہنا تھا کہ شوبز انڈسٹری میں، خاص طور پر خواتین کے لیے وقت محدود ہوتا ہے کیونکہ عمر کے ساتھ کام کے مواقع کم ہو جاتے ہیں، اسی لیے انہوں نے اداکاری چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین اداکاراؤں کو مرکزی کردار زیادہ تر خوبصورتی اور چہرے کی کشش کی بنیاد پر ملتے ہیں اور جب چہرے میں معمولی تبدیلی بھی آ جائے تو کردار بدلنے لگتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں کومل عزیز نے وضاحت کی کہ وہ اداکاری کو مکمل طور پر خیرباد نہیں کہہ رہیں مستقبل میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اب جب وہ اپنا کاروبار چلا رہی ہیں اور فوٹوشوٹ کے لیے ماڈلز کو ہائر کرتی ہیں، تو انہیں احساس ہوتا ہے کہ ماڈلز ایک شوٹ میں کتنی زیادہ کمائی کرتی ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہیں شوبز میں کام کے دوران کبھی کسی قسم کی مشکل یا نازیبا رویے کا سامنا نہیں کرنا پڑا، نہ ہی انہیں ٹرولنگ یا اسکینڈل کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم، کاروبار کے میدان میں آنے کے بعد انہیں تنقید، الزامات اور ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا۔

کومل عزیز نے کہا کہ جب انہوں نے اداکاری سے کاروبار کی طرف رخ کیا تو بہت سے لوگوں کو یہ بات پسند نہیں آئی اور انہوں نے ان کے خلاف سازشیں شروع کر دیں۔

انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ان کی کمپنی میں کام کرنے والی چار سے پانچ خواتین ملازمین نے اپنی مرضی سے استعفیٰ دے دیا، نوٹس پیریڈ مکمل کیے بغیر رخصت ہوئیں اور بعد میں مکمل تنخواہیں اور بقایا جات مانگنے لگیں۔ 

جب میں نے اصول کے مطابق ادائیگی سے انکار کیا تو ان خواتین نے لنکڈ اِن پر میرے خلاف مہم شروع کر دی، جھوٹے الزامات لگائے اور جعلی اکاؤنٹس بنا کر کردار کشی کرنا شروع کر دیا۔

کومل عزیز نے کہا کہ حیرت انگیز طور پر انہیں شوبز میں کسی تنازع یا بدنامی کا سامنا نہیں کرنا پڑا، لیکن کاروباری دنیا میں قدم رکھتے ہی ان پر جھوٹے الزامات لگائے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے اہلِ خانہ کو بھی لگتا تھا کہ شوبز میں میرا کوئی اسکینڈل بنے گا، مگر ایسا نہیں ہوا۔ دراصل مجھے اصل مشکلات اداکاری چھوڑ کر کاروبار شروع کرنے کے بعد پیش آئیں۔

کومل عزیز خان نے مزید کہا کہ اُن لیے شوبز میں آنا آسان تھا، انہیں ابتدا ہی میں بڑے پراجیکٹ میں مرکزی کردار مل گیا.

اُن کا کہنا تھا کہ جیسے آنا آسان تھا، ویسے ہی جانا بھی آسان رہا کیونکہ میں نے اپنی اَنا پر قابو رکھا، میں ان لوگوں میں سے نہیں جو وقتی شہرت کے پیچھے بھاگیں، میں نے ہمیشہ لانگ ٹرم ویژن کے ساتھ سوچا۔

کومل عزیز کا کہنا تھا کہ جب میں کامیابی کی بلندیوں پر پہنچنے والی تھی، تب میں نے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کیا، میں بزنس اور اداکاری دونوں میں کامیاب تھی، لیکن زندگی کے ایک موڑ پر مجھے ایک راستہ چننا تھا اور میں نے اپنا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اب میں اپنی زندگی سے مطمئن اور خوش ہوں اور میرا سارا فوکس اپنے کاروبار اور ذاتی سکون پر ہے۔

واضح رہے کہ کومل عزیز خان نے ڈرامہ ’بھروسہ پیار تیرا‘ سے شہرت حاصل کی اور دیگر مشہور ڈراموں میں کام کیا، انہوں نے اب شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کر کے اپنا فیشن برانڈ اُمل بائے کومل  قائم کر لیا ہے۔