اس باوقار تقریب کو معروف صنعتی شراکت داروں شان فوڈز، یونی لیور فوڈ سلوشنز، شنگریلا، ینگ از فلورا اور ایڈمنز کی بھرپور معاونت حاصل رہی، جو پاکستان کے کلنری شعبے کی ترقی اور اس میں موجود صلاحیتوں کے اعتراف کے لیے ان کے مسلسل عزم کی عکاس ہے۔

تقریب کا آغاز سی ای او اسامہ احمد کے افتتاحی خطاب سے ہوا، جس میں انہوں نے سالانہ کُلنری ایوارڈز کے شاندار سفر، 2022 کے بعد لاہور میں اس کی کامیاب واپسی اور گزشتہ دو برسوں کے دوران فوڈ انڈسٹری میں ہونے والی نمایاں پیش رفت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس پلیٹ فارم کے اس اہم کردار کو اجاگر کیا جو ٹیلنٹ کو سامنے لانے، جدت کی حوصلہ افزائی اور ملک بھر میں انڈسٹری کے باہمی اشتراک کو مضبوط بنانے میں مسلسل کردار ادا کر رہا ہے۔


تقریب کی وقار میں مزید اضافہ اس وقت ہوا جب ہاشو گروپ کے سی ای او مسٹر ہاسٹن بلانک نے خطاب کرتے ہوئے فوڈ اور ہاسپیٹیلٹی سیکٹر میں بدلتے ہوئے رجحانات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ایسے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا جو معیار کو بلند کرنے اور مثبت تبدیلی لانے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شہید فلسطینی بچی ہند رجب پر بننے والی فلم گولڈن گلوب کے لیے نامزد

اس موقع پر شان فوڈز کے ڈائریکٹر گلوبل فوڈ سلوشنز اینڈ مڈل ایسٹ مینوفیکچرنگ عبدالموسیٰ مادر کی موجودگی نے تقریب کو مزید اہمیت بخشی، جب کہ لاہور کی فوڈ اور ہاسپیٹیلٹی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئیں۔


معروف شوبز اور سماجی شخصیات علی رحمن، عائزہ علی بن بٹ اور ثاقب بھی ان معزز مہمانوں میں شامل تھے، جنہوں نے اپنی شرکت سے اس شام کو مزید یادگار بنا دیا۔

لاہور کی فوڈ انڈسٹری کی بھرپور شرکت کے ساتھ سالانہ کلنری ایوارڈز لاہور 2025 نے ایک بار پھر خود کو پاکستان کے مؤثر ترین کُلنری پلیٹ فارمز میں سے ایک کے طور پر منوایا، جو رہنماؤں، تخلیق کاروں اور جدت طرازوں کو ایک جگہ جمع کر کے کامیابیوں کا جشن مناتا ہے اور ملک میں فوڈ انڈسٹری کے مستقبل کی سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔