روس کا مشہور مختصر موجوں پر چلنے والا ریڈیو اسٹیشن UVB-76 جو 1970 کی دہائی سے ایک مسلسل بپ جیسا سگنل نشر کرتا رہا ہے حال ہی میں دوبارہ آن لائن آ گیا ہے۔ اس ریڈیو کو “ڈومس ڈے ریڈیو” کے نام سے بھی جانا جاتا ہے کیونکہ اس کی نشریات میں وقتاً فوقتاً خفیہ اور خوفناک پیغامات شامل کیے جاتے ہیں۔

پندرہ اکتوبر کو ماسکو کے وقت کے مطابق اس ریڈیو نے دو مختلف اوقات میں دو پراسرار پیغامات نشر کیے۔ پہلے 12 بج کر 59 منٹ پر لفظ EXHAUSTION یعنی تھکن اور بعد میں 14 بج کر 28 منٹ پر لفظ DOMINION یعنی سلطنت سنا گیا۔ ان دونوں الفاظ نے سازشی نظریات کے حامیوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے کہ آخر ان کے پیچھے کیا مطلب ہو سکتا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ستمبر کے آغاز میں بھی UVB-76 نے کوڈ الفاظ NZHTI اور HOTEL کے ساتھ چند نمبروں کی نشریات کی تھیں جن میں 38، 965، 78، 58، 88 اور 37 شامل تھے۔ کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ نمبرز کسی جغرافیائی کوآرڈینیٹس کی طرف اشارہ کرتے ہیں جبکہ دیگر کے مطابق یہ کسی بڑے واقعے کا پیش خیمہ ہو سکتے ہیں۔

اس ریڈیو کی تاریخ بھی خاصی دلچسپ ہے۔ 1982 میں یہ صرف بپ کی آواز نشر کرتا تھا لیکن 1992 میں اس کی نشریات میں تبدیلی آئی اور اسے اس کی منفرد گونج دار آواز کی وجہ سے UVB-76 کا نام دیا گیا۔ ہر چند ہفتوں بعد ایک نامعلوم شخص اس پر ناموں، الفاظ یا نمبروں کی فہرست پڑھتا ہے۔

واضع رہے کہ لندن کے سٹی یونیورسٹی کے الیکٹرانک اور ریڈیو انجینئرنگ کے پروفیسر ڈیوڈ اسٹپلز کا کہنا ہے کہ ان نشریات کے پیچھے ولادیمیر پوٹن کی حکومت کا ہاتھ ہونا تقریباً یقینی ہے۔ ان کے مطابق اگر یہ نظام کسی حکومتی مقصد کے لیے استعمال ہو رہا ہے تو اس کے مقاصد پرامن نہیں ہو سکتے۔

UVB-76 آج بھی دنیا بھر کے ماہرین اور سننے والوں کے لیے ایک معمہ بنا ہوا ہے۔ اس کے پیغامات اور ان کے ممکنہ معنی اب بھی تحقیق اور تجسس کا موضوع ہیں۔