ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں صنم ماروی نے بتایا کہ میوزک کی دنیا میں قدم رکھتے ہی انہیں سخت جدوجہد، مایوسیوں اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، لیکن انہوں نے ہار نہیں مانی اور مسلسل محنت جاری رکھی۔

گلوکارہ نے انکشاف کیا کہ اپنے پہلے بڑے پروگرام سے انہیں 27 ہزار روپے ملے تھے، جو ان کے لیے اُس وقت بہت بڑی رقم تھی۔ اسی معاوضے سے انہوں نے اپنی والدہ کے لیے بستر، ٹی وی، واشنگ مشین اور گھر کا دیگر ضروری سامان خریدا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنی بیٹی کو بھی ہمیشہ یہی سکھاتی ہیں کہ ناکامی سے گھبرانے کے بجائے استقامت اور مسلسل محنت کامیابی کی کنجی ہے، اور اس کا صلہ ضرور ملتا ہے۔

فیس کے حوالے سے ایک سوال پر صنم ماروی نے بتایا کہ وہ آج کل شادیوں اور نجی تقریبات میں پرفارمنس کے لیے 25 لاکھ روپے تک معاوضہ لیتی ہیں، جب کہ کنسرٹس کی فیس اس سے مختلف ہوتی ہے۔

پوڈکاسٹ کا کلپ وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے ملے جلے ردِعمل دیکھنے میں آئے۔ کچھ صارفین نے ان کی کامیابی کو محنت کا نتیجہ قرار دیا، جب کہ بعض نے اعتراض کیا کہ گلوکارہ اتنا زیادہ معاوضہ لینے کی مستحق نہیں۔