سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ بتا رہے ہیں کہ مجوزہ منصوبہ تین سیزنز پر مشتمل ہوگا، جس میں لیاری کی حقیقی سماجی ساخت، سیاسی کشمکش، بااثر گروہوں کی طاقت کے مراکز اور علاقے کے زمینی حقائق کو نمایاں کیا جائے گا۔

نبیل گبول کا کہنا ہے کہ نیٹ فلکس کی پروڈکشن ٹیم نے ان سے رابطہ کیا ہے اور وہ مارچ میں پاکستان آنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ اس منصوبے پر مزید بات چیت کی جا سکے۔

ان کے بقول یہ سیریز لیاری کے بارے میں غیر ملکی فلموں اور ڈراموں میں کی جانے والی یکطرفہ اور منفی تصویر کشی کا مؤثر جواب ہوگی۔

نبیل گبول کے اس دعوے کا سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والا پہلو ممکنہ کاسٹنگ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سیریز کے لیے برازیل کے معروف اداکار ویگنر مورا میں دلچسپی ظاہر کی گئی ہے، جنہوں نے نیٹ فلکس کی مشہور سیریز نارکوس میں پابلو ایسکوبار کا کردار ادا کر کے عالمی شہرت حاصل کی تھی۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انڈین فلم دھرندھر کے کردار جمیل جمالی پر بھی نبیل گبول نے اعتراض اٹھایا ہے۔

ان کا مؤقف ہے کہ فلم میں دکھایا گیا کردار ان کی حقیقی شخصیت کی درست ترجمانی نہیں کرتا۔

نبیل گبول نے ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا کہ لیاری کی ثقافت، اس کی فٹ بال سے وابستگی اور عوامی مزاحمت کو مسلسل جرائم کے بیانیے کے نیچے دبایا جا رہا ہے، جو کہ ناانصافی ہے۔