میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی اداکارہ ماہرہ خان نے کہا کہ کچھ پراجیکٹس ایسے ہوتے ہیں جن کا چھوٹا سا حصہ بن کر بھی خوشی محسوس ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا، زندگی میں کبھی کبھی ایسے کام ملتے ہیں جنہیں کرتے ہوئے دل کو سکون ملتا ہے۔

فلم کے ہیرو فواد خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس فلم سے بہت کچھ سیکھا۔

انہوں نے اعتراف کیا، غلطیاں بھی ہوئیں، مگر امید ہے کہ جب آپ یہ فلم دیکھیں گے تو اسے پسند کریں گے۔

’نیلوفر‘ کے مصنف و ہدایت کار عمار رسول ہیں، جب کہ دیگر نمایاں اداکاروں میں مدیحہ امام، سرمد گیلانی، بہروز سبزواری اور عتیقہ اوڈھو شامل ہیں۔ فواد اور ماہرہ اس سے قبل ’ہمسفر‘ اور ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں کامیاب جوڑی بنا چکے ہیں۔

فلم کی ریلیز میں تاخیر سے متعلق سوال پر فواد خان نے بتایا کہ اس کی ایک بڑی وجہ کووِڈ تھا۔

انہوں نے کہا، یہ کوئی غلطی نہیں تھی، بس ایک اتفاق تھا۔ کورونا آیا تو میں نے سوچا کہ شوٹنگ روک دینا ہی ذمہ دارانہ عمل ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ماہرہ نے کہا کہ فلم کا کوئی سین آئیکونک بنے گا یا نہیں، اس کا اندازہ پہلے سے لگانا ممکن نہیں۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اگر ہمیں پتا ہوتا تو ایسی ویڈیو پہلے ہی بنا لیتے۔

کراچی سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ماہرہ نے کہا کہ یہ شہر ان کے لیے ہمیشہ ماں جیسا رہا ہے۔

ان کے مطابق، کراچی وہ شہر ہے جو بانہوں میں لے کر خوش آمدید کہتا ہے۔ کبھی لوگ اس سے بہت کچھ لے جاتے ہیں اور کبھی یہ شہر سخت رویہ دکھا دیتا ہے، مگر یہی اس کی فطرت ہے۔

فلم نیلوفر 28 نومبر کو سنیما گھروں میں ریلیز کے لیے پیش کی جائے گی۔