پولیس حکام کے مطابق متعدد شادیوں کے باعث شہرت حاصل کرنے والے حکیم شہزاد لوہا پاڑ کو ایک خاتون ٹک ٹاکر کی شکایت پر گرفتار کر لیا گیا ہے، جس میں ان پر مبینہ طور پر زیادتی کی کوشش کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ملزم نے خاتون کو صلح کے بہانے اپنے دواخانے بلایا۔ الزام ہے کہ ملاقات کے دوران ملزم نے خاتون کے ساتھ زبردستی کرنے کی کوشش کی اور مزاحمت پر اس کے کپڑے بھی پھاڑ دیے۔
متاثرہ خاتون کی مدعیت میں تھانہ صدر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے فوری کارروائی کی اور ملزم کو حراست میں لے لیا۔
پولیس حکام کے مطابق مقدمے میں زیادتی کی کوشش سمیت دیگر متعلقہ دفعات شامل کی گئی ہیں جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے شفاف تحقیقات کی جائیں گی اور شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔
واضح رہے کہ حکیم شہزاد لوہا پاڑ سوشل میڈیا پر خاصی شہرت رکھتے ہیں اور اس سے قبل بھی متنازع بیانات اور ذاتی زندگی کے حوالے سے خبروں میں رہ چکے ہیں۔






