سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری بیان میں عماد وسیم نے کہا کہ طویل سوچ بچار اور ان اختلافات کے بعد، جو گزشتہ چند برسوں سے حل نہیں ہوسکے، میں نے طلاق کے لیے کیس دائر کردیا ہے۔
انہوں نے درخواست کی کہ ہماری پرائیویسی کا خیال رکھا جائے، ہماری پرانی تصاویر کے استعمال یا شیئر کرنے سے گریز کیا جائے اور برائے مہربانی آئندہ ان کا میری اہلیہ کے طور پر حوالہ دینے سے بھی اجتناب کیا جائے۔
عماد وسیم نے مزید کہا کہ سب سے درخواست ہے کہ کسی بھی قسم کے گمراہ کن بیانات پر یقین نہ کریں اور نہ ہی انہیں پھیلانے کا باعث بنیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ذاتی معاملے پر بدنام کرنے یا کسی کو ملوث کرنے کی کسی بھی کوشش کا جواب، اگر ضروری ہوا، تو قانونی طریقے سے دیا جائے گا۔
— Imad Wasim (@simadwasim) December 28, 2025
عماد وسیم نے بچوں کے حوالے سے کہا کہ میں ان کا باپ ہوں اور پوری ذمہ داری کے ساتھ ان کا خیال رکھوں گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل عماد وسیم کے افیئرز اور اہلیہ سے اختلافات کی خبریں گردش کر رہی تھیں، تاہم کرکٹر کی جانب سے اس حوالے سے کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی تھی۔ دوسری جانب ان کی اہلیہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر کچھ مبہم پیغامات ضرور شیئر کیے گئے تھے۔
رواں برس جولائی میں ثانیہ اشفاق نے اپنے بیٹے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ میں نے تمہیں 9 ماہ اپنی کوکھ میں رکھا، اللہ مجھے آگے سفر کے لیے مزید طاقت دے، زایان۔
دوسری جانب انہوں نے آج سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر ایک پوسٹ شئیر کی جس میں انہوں نے جذباتی انداز میں لکھا کہ میرا گھر اجاڑا گیا، میرے بچے اپنے والد سے محروم ہوئے اور پانچ ماہ کے بچے کو اس کے والد نے اب تک نہیں تھاما۔
انہوں نے بتایا کہ شادی میں مسائل ضرور رہے مگر رشتہ پھر بھی چلتا رہا۔ بطور بیوی اور ماں رشتے کو نبھانے کی پوری کوشش کی، مگر معاملات اس وقت بگڑے جب ایک تیسری شخصیت ہمارے درمیان آئی۔
ثانیہ اشفاق نے الزام لگایا کہ وہ خاتون ان کے شوہر سے شادی کی خواہشمند تھیں۔ بچوں کے مستقبل اور گھر کے وقار کی خاطر ذہنی اذیت اور تلخ رویہ برداشت کیا۔ جو لوگ مجھے خاموش رہنے کا کہہ رہے ہیں، ان سے کہنا چاہتی ہوں کہ انصاف ضرور ہوگا۔ ہر بات کا دستاویزی ثبوت موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ دھمکی دے رہے ہیں کہ دستاویزات پبلک نہ کروں، انہیں قانونی طور پر جواب دیا جائے گا۔ میں بدلے کے لیے نہیں، اپنے اور بچوں کے لیے سچ بول رہی ہوں اور ہر اس خاتون کے لیے بول رہی ہوں جسے خاموش کر دیا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ عماد وسیم کی جانب سے بھی اس بارے میں بیان سامنے آ چکا ہے، جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ میرے اور اہلیہ کے درمیان گزشتہ چند برس سے اختلافات حل نہیں ہوسکے، اس لیے میں نے طلاق کا کیس دائر کیا ہے۔
یاد رہے کہ عماد وسیم نے 2019 میں ثانیہ اشفاق سے شادی کی تھی اور دونوں کے تین بچے ہیں۔ وہ دسمبر 2024 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے 55 ون ڈے اور 75 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے، جن میں کئی یادگار اننگز شامل ہیں۔






