خاندانی ذرائع کے مطابق عاصم بخاری گزشتہ کچھ عرصے سے گردوں اور دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور ان کی طبیعت مسلسل ناساز چل رہی تھی۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ تقریباً پندرہ روز سے لاہور کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں بدھ کی رات ان کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث وہ کوما میں چلے گئے تھے۔ بعد ازاں جمعرات کے روز وہ اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ آج نمازِ عصر کے بعد لاہور میں ان کی رہائش گاہ کے قریب واقع ایک جامع مسجد میں ادا کی جائے گی جس میں شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات، مداحوں اور عزیز و اقارب کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
فلم، ٹی وی اور اسٹیج کے نامور اداکار
— Samina Hafeez Malik (@SaminaHMalik) March 12, 2026
سید عاصم بخاری صاحب انتقال کر گئے۔
إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ
عاصم بخاری کا شمار پاکستان کے سینئر اور باصلاحیت اداکاروں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے کئی دہائیوں تک ٹیلی وژن ڈراموں، اسٹیج اور فلموں میں اپنی منفرد اداکاری سے ناظرین کے دل جیتے۔ انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز پاکستان ٹیلی وژن سے 1965 میں کیا اور جلد ہی ڈرامہ انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کر لیا۔
ان کے مشہور ڈراموں میں جنجال پورہ کو خاص شہرت حاصل ہوئی جس میں ان کی اداکاری کو ناظرین اور ناقدین دونوں نے بے حد سراہا۔ اس کے علاوہ انہوں نے کئی دیگر مقبول ڈراموں اور اسٹیج پرفارمنسز میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
فن و ثقافت کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں 2014 میں پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا تھا۔
ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد شوبز انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں اور مداحوں نے سوشل میڈیا پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عاصم بخاری کی فنی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ فنکار برادری کا کہنا ہے کہ ان کے انتقال سے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری ایک باصلاحیت اور تجربہ کار اداکار سے محروم ہو گئی ہے۔






