بالی ووڈ اداکار راج پال یادیو نے جیل میں سگریٹ نوشی کے لیے علیحدہ جگہ مختص کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ وہ چیک باؤنس کیس میں عدالتی احکامات کے مطابق خود کو جیل حکام کے حوالے کر چکے تھے، تاہم بدھ کے روز انہیں رہائی مل گئی۔ رہائی کے بعد انہوں نے فلمی برادری اور اپنے مداحوں کی حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

جیل سے رہائی کے بعد ضلع شاہجہاں پور میں اپنے آبائی گاؤں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں لوگوں کی جانب سے بے پناہ محبت اور حوصلہ افزائی ملی۔

جیل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جیلوں کے اندر بھی سگریٹ نوشی کے لیے مخصوص مقامات ہونے چاہئیں، جیسے ریلوے اسٹیشنز اور ہوائی اڈوں پر یہ سہولت موجود ہوتی ہے۔

اداکار نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جیلوں کو اصلاحی مراکز کے طور پر کام کرنا چاہیے، جہاں قیدیوں کو اپنی اصلاح اور مثبت تبدیلی کے لیے منظم اور بامقصد مواقع فراہم کیے جائیں۔

واضح رہے کہ نئی دہلی ہائی کورٹ نے راج پال یادیو کے خلاف چیک ڈس آنر کے متعدد مقدمات میں دی گئی رعایت واپس لیتے ہوئے انہیں ہدایت کی تھی کہ وہ چار فروری تک متعلقہ جیل سپرنٹنڈنٹ کے سامنے سرنڈر کریں، جس کے بعد انہوں نے تہاڑ جیل میں گرفتاری دے دی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کے وکیل نے عدالت سے رقم کی ادائیگی میں نرمی کی درخواست کرتے ہوئے 50 لاکھ روپے کی ادائیگی کے لیے ایک ہفتے کی مہلت مانگی تھی، تاہم عدالت نے یہ درخواست مسترد کر دی تھی۔