تفصیلات کے مطابق یہ پوسٹر نیٹ فلکس کے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر شیئر کیا گیا، جہاں پیر کے روز ایک ٹیزر ویڈیو جاری کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر شیئر کی گئی تصویر میں رات کے وقت نیون روشنیوں سے نہائی ہوئی ہاکنز کی ایک گلی دکھائی گئی ہے۔ چمکتے ہوئے سائن بورڈز کے درمیان ایک مانوس کردار کا سلیوٹ نظر آتا ہے، جس کے ہاتھ میں ٹارچ ہے۔
اینیمیٹڈ انداز 1980 کی دہائی کے کلاسک کارٹونز کی یاد دلاتا ہے، جو سیریز کے عنوان ’اسٹرینجر تھنگز: ٹیلز فرام ایٹی فائیو‘ سے مطابقت رکھتا ہے اور پوسٹ کے کیپشن میں شائقین کو آنے والا ٹیزر دیکھنے اور اپنی رائے کا اظہار کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔
سیریز کے تخلیق کار ایرک روبلس کے مطابق، اس اینیمیٹڈ کہانی کو لائیو ایکشن سیریز کے سیزن دو اور تین کے درمیان ترتیب دیا گیا ہے۔ کہانی سن 1985 میں پیش آتی ہے، جب ہاکنز ایک بار پھر نئے مافوق الفطرت خطرات کی زد میں ہوتا ہے۔ پلاٹ میں بچوں کے مرکزی گروپ کو دکھایا گیا ہے جو ’اپ سائیڈ ڈاؤن‘ سے نکلنے والے نئے راکشسوں کا سامنا کرتے ہیں۔
ʍoɹɹoɯoʇ ɹǝsɐǝʇ pic.twitter.com/wyb9QZJk8j
— Netflix (@netflix) February 1, 2026
ان کا کہنا تھا کہ خطرے کی ابتدائی علامات کے طور پر بدلے ہوئے کدو اور جارحانہ بیلیں سامنے آتی ہیں، جو سیریز کے مانوس خوفناک لہجے کو برقرار رکھتے ہوئے ایک نیا موڑ بھی پیش کرتی ہیں۔
ایرک روبلس کا کہنا ہے کہ ایک پراسرار طاقت شہر کے سکون کو تہہ و بالا کر دیتی ہے، جس کے نتیجے میں عجیب و غریب پودے جنم لیتے ہیں جو بیلوں اور کدو کی شکل اختیار کر کے تاریک توانائی سے چمکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈیزائن ٹیم نے لاوکرافٹین ہارر سے متاثر ہو کر مخلوقات تخلیق کیں، تاہم لہجے کو خاندانی ناظرین کے لیے موزوں رکھا گیا ہے۔ دہشت اور نوستالجیا کا یہ امتزاج اس اینیمیٹڈ اسپن آف کو دیگر منصوبوں سے منفرد بناتا ہے۔
وائس کاسٹ میں بروکلین ڈیوی نورسٹڈ گیارہ، جولی ہوانگ ریپاپورٹ میکس اور لوکا ڈیاز مائیک کو آواز دیتے ہیں۔ الیشا ’اے جے‘ ولیمز لوکاس، بریکسٹن کوئنی ڈسٹن، بین پلسلا ول اور بریٹ گپسن ہوپر کا کردار نبھاتے ہیں۔
اس کے علاوہ اوڈیسا اے زیون، جینین گاروفالو اور لو ڈائمنڈ فلپس جیسے نام بھی حیران کن کرداروں میں شامل ہیں۔ ڈفر برادران، شان لیوی، ڈین کوہن اور ہلیری لیویٹ ایگزیکٹو پروڈیوسرز کے فرائض انجام دے رہے ہیں، جب کہ فلائنگ بارک پروڈکشنز اینیمیشن تیار کر رہا ہے، جو سیریز کو ایک متحرک اور کارٹون جیسا انداز دیتا ہے۔
First trailer for the animated ‘Stranger Things’ series, premiering April 23rd.pic.twitter.com/fTUIUoRoOy
— Pop Base (@PopBase) February 2, 2026
راس ڈفر کے مطابق، اینیمیشن تخلیق کاروں کو بصری خیالات کے ساتھ کھل کر تجربہ کرنے کا موقع دیتی ہے۔ شو میں بڑے سروں اور کٹھ پتلی نما چہروں کا استعمال کیا گیا ہے، جو 1980 کی دہائی کے کارٹون ’دی رئیل گھوسٹ بسٹرز‘ کی یاد دلاتا ہے۔
واضح رہے کہ پہلا پوسٹر اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ ’اسٹرینجر تھنگز: ٹیلز فرام ایٹی فائیو‘ نئی کہانیاں، جرات مندانہ ویژولز اور وہی مانوس دلکشی پیش کرے گا جسے شائقین پسند کرتے ہیں۔ سیریز کا پریمیئر 2026 میں متوقع ہے، جب کہ مداح تب تک ٹیزر ویڈیو اور مزید اپ ڈیٹس کا بے چینی سے انتظار کرتے رہیں گے۔






