حال ہی میں کرن جوہر نے اپنے شو میں نیتی، مکتی اور شکتی موہن کو مدعو کیا، جہاں انہوں نے ماضی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کے مشہور گانے ’ساجن جی گھر آئے‘ کی شوٹنگ کے دوران وہ سلمان خان کی وینیٹی وین میں جا کر رو پڑے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ سلمان خان کے ساتھ ان کی پہلی فلم تھی اور چونکہ سلمان ایک بہت بڑے اسٹار تھے، اس لیے وہ کافی گھبرائے ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ساجن جی گھر آئے کی شوٹنگ کی تیاری مکمل تھی اور جب وہ سلمان کی وینیٹی وین میں داخل ہوئے تو سلمان نے ٹی شرٹ اور جینز پہن رکھی تھی۔
کرن جوہر کے مطابق انہوں نے سلمان خان سے کہا کہ آپ کو کپڑے تبدیل کرنے ہوں گے کیونکہ یہ ایک شادی کا گانا ہے۔
#KaranJohar started crying when #SalmanKhan said that he ll wear jeans and t shirt in #SaajanJiGharAaye song 😃 pic.twitter.com/0TYajRa91d
— $@M (@SAMTHEBESTEST_) January 18, 2026
اس پر سلمان خان نے بڑے آرام سے جواب دیا، ’ہاں، لیکن اگر پہلی بار دولہا جینز اور ٹی شرٹ میں آئے تو یہ ایک نیا اسٹائل ہوگا، میں اس میں سوَیگ لے آؤں گا۔
ہدایتکار نے کہا کہ یہ سن کر وہ پریشان ہو گئے، کیونکہ سیٹ بہت شاندار تھا اور سلمان خان کی ہیروئن کاجول لہنگا پہنے ہوئے تھیں۔ ایسے میں اگر دلہا جینز اور ٹی شرٹ میں آ جاتا تو سب کچھ عجیب لگتا۔
کرن جوہر نے بتایا کہ یہ سن کر وہ رونے لگے، کیونکہ وہ پہلے ہی ذہنی دباؤ میں تھے۔ وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور سلمان خان کے سامنے ہی ان کی وینیٹی وین میں رو پڑے۔
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ انہیں روتا دیکھ کر سلمان خان نے اپنی ضد چھوڑ دی اور سوٹ پہن کر شوٹنگ پر آنے پر رضامندی ظاہر کر دی۔






