ایک منٹ اور 12 سیکنڈ پر مشتمل ٹیزر کا آغاز سلمان خان کے دبنگ وائس اوور سے ہوتا ہے، جس میں لداخ کی وادی کے خوبصورت مگر سنجیدہ مناظر کے ساتھ حب الوطنی پر مبنی مکالمہ سنایا جاتا ہے۔ ٹیزر میں سلمان خان کو اپنی فوج کے ہمراہ دشمن کی جانب پُراعتماد اور جرات مندانہ انداز میں بڑھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ٹیزر کے مناظر میں سلمان خان ایک لاٹھی اٹھا کر لڑائی کے لیے تیار نظر آتے ہیں، جب کہ سامنے چینی فوجیوں کی بڑی تعداد ان کی طرف بڑھتی دکھائی دیتی ہے۔ ٹیزر کا اختتام سلمان خان کے طاقتور مکالمے پر ہوتا ہے کہ موت سے کیا ڈرنا، اس نے تو آنا ہے۔
واضح رہے کہ یہ فلم 2020 میں انڈیا اور چین کے درمیان وادی گلوان میں پیش آنے والے تنازع پر مبنی ہے، جہاں دونوں ممالک کے فوجیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ اس دوران سابقہ دوطرفہ معاہدوں کے باعث جدید ہتھیاروں کے بجائے پتھروں اور ڈنڈوں کا استعمال کیا گیا تھا۔
فلم کی موسیقی معروف موسیقار ہمیش ریشمیا نے ترتیب دی ہے، جب کہ اسے سلمان خان فلمز کے بینر تلے سلمان خان کی بہن سلمیٰ خان پروڈیوس کر رہی ہیں۔
’بیٹل آف گلوان‘ کا ٹیزر ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے اور مداح سلمان خان کو ایک بار پھر حب الوطنی اور ایکشن سے بھرپور کردار میں دیکھنے کے لیے بے حد پُرجوش نظر آ رہے ہیں۔
دوسری جانب ناقدین کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ نے ایک بار پھر روایتی انڈین بیانیہ پھیلانے والی فلم بنادی ہے، جوکہ فکشن کا استعمال کرتے ہوئے مداحوں کو حقیقت سے دور کرے گی۔ ایک اورسوال بھی اٹھایا جارہا ہے کہ کیا یہ فلم سلمان خان کے ڈوبتے کیریئر کو بچاپائے گی یا پھر یہ ایک اور فلاپ فلم بن کررہ جائے گی؟






