انڈین میڈیا کے مطابق جدہ میں دو روز قبل ریڈ سی فیسٹیول کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے بتایا کہ ان کی زندگی مکمل طور پر کام اور مسلسل سفر پر مبنی ہے۔

سلمان خان نے کہا کہ 25 سے 26 سال ہو گئے ہیں، میں کہیں باہر ڈنر پر نہیں گیا۔ میری روزمرہ زندگی یہ ہے کہ گھر سے شوٹنگ، شوٹنگ سے گھر، پھر گھر سے ایئرپورٹ، ایئرپورٹ سے ہوٹل اور ہوٹل سے یہاں (جدہ) اور اس کے بعد واپس شوٹنگ پر۔ بس یہی میری زندگی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی زندگی کا بڑا حصہ اُن کی فیملی اور قریبی دوستوں کے ساتھ گزرا ہے، لیکن وقت کے ساتھ اکثر دوست راستے سے الگ ہوتے گئے اور اب صرف چار سے پانچ دیرینہ دوست باقی رہ گئے ہیں۔

سلمان خان نے مزید کہا کہ انہیں اس طرزِ زندگی پر کوئی اعتراض نہیں، کیونکہ یا تو انسان گھومنے پھرنے کو ترجیح دیتا ہے یا پھر لوگوں کی طرف سے ملنے والا پیار اور عزت اسے اپنے کام سے جڑے رہنے پر آمادہ رکھتی ہے اور وہ اسی مقصد کے لیے محنت کرتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کبھی کبھار وہ خود میں سستی محسوس کرتے ہیں، مگر پھر خود کو یہی کہہ کر حوصلہ دیتے ہیں کہ آگے اچھا وقت آنے والا ہے۔

ریڈ سی فیسٹیول میں یہ سلمان کا دوسرا سال ہے۔ اس موقع پر وہ ہالی ووڈ اسٹارز جونی ڈیپ، ادریس البا اور ایڈگر رامیرز سے بھی ملے۔