اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول 2 روپے فی لیٹر سستا کردیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 330 روپے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے، جبکہ ڈیزل 360 روپے فی لیٹر برقرار رہے گا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 14 نومبر کے لیے ہوگا۔

یاد رہے کہ 12 نومبر کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول 332 روپے اور ڈیزل 360 روپے فی لیٹر ہوگیا تھا۔

اس سے ایک روز قبل 11 نومبر کو بھی پیٹرول 3 روپے سستا کیا گیا تھا، جس کے بعد اس کی قیمت 335 روپے فی لیٹر ہوگئی تھی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے کمی کے بعد نرخ 364 روپے فی لیٹر مقرر کیے گئے تھے۔

10 نومبر کو حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے کی کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول 338 روپے اور ڈیزل 371 روپے فی لیٹر ہوگیا تھا۔

اس سے قبل 6 نومبر کو حکومت نے 7 سے 10 نومبر تک کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 59 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 25 پیسے کی کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول 346 روپے اور ڈیزل 378 روپے فی لیٹر مقرر کیا گیا تھا۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل عالمی مارکیٹ میں نرخوں، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے۔

مشرق وسطیٰ کے بحران کے باعث حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کررہی ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔

یاد رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 38 مرتبہ کمی اور 39 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 34 مرتبہ کمی اور 45 مرتبہ اضافہ ہوا ہے۔

مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔