بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 49 ڈالر کی کمی سے 3 ہزار 891 ڈالر کی سطح پر آگئی، جس کے اثرات ملکی صرافہ بازاروں میں بھی دیکھنے میں آئے۔
مقامی بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت 4 ہزار 900 روپے کم ہوکر 4 لاکھ 11 ہزار 636 روپے ہوگئی، جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت 4 ہزار 201 روپے کی کمی سے 3 لاکھ 52 ہزار 911 روپے کی سطح پر آگئی۔
دریں اثنا، فی تولہ چاندی کی قیمت 111 روپے کی کمی سے 5 ہزار 467 روپے ہوگئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 95 روپے کم ہوکر 4 ہزار 687 روپے کی سطح پر آگئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی ملک میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جب فی تولہ سونا ایک ہی دن میں 10 ہزار 900 روپے سستا ہوگیا تھا۔
مقامی صرافہ بازاروں کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 10 ہزار 900 روپے کی کمی کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 16 ہزار 536 روپے ہوگئی تھی، ج بکہ 10 گرام سونے کے نرخ 9 ہزار 345 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 57 ہزار 112 روپے کی سطح پر آگئے تھے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی فی اونس سونے کی قیمت 109 ڈالر کی کمی سے 3 ہزار 940 ڈالر ہوگئی تھی۔
عالمی منڈی میں سونے کے نرخوں میں ہونے والی تبدیلیوں کے اثرات پاکستان سمیت مختلف ممالک کی مقامی مارکیٹوں پر بھی پڑتے ہیں۔ اسی تناظر میں بین الاقوامی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد پاکستانی صرافہ بازاروں میں بھی سونا ہزاروں روپے سستا ہوگیا ہے۔
سونے کی قیمتوں میں کمی سے زیورات کی خریداری کرنے والے صارفین کو نسبتاً کم قیمت پر سونا دستیاب ہوگا، تاہم عالمی مارکیٹ میں نرخوں کی مزید تبدیلی اور مقامی صرافہ بازاروں کی صورتحال کے باعث قیمتوں میں اتار چڑھاؤ برقرار رہ سکتا ہے۔







