بلوچستان اسمبلی میں سرداری نظام کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی کے رکن اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان نے قرارداد پیش کی، جس پر ایوان میں بحث کی گئی۔
صوبائی وزیر ظہور بلیدی نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ سرداری نظام کے خاتمے سے متعلق قرارداد پیش کرنے پر مولانا ہدایت الرحمان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرداری نظام اب مزید چلنے والا نہیں اور وہ اس قرارداد کی حمایت کرتے ہیں۔
ظہور بلیدی نے کہا کہ وہ سرداری نظام کے رویوں کے خلاف ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ برابری کی بنیاد پر بات کی جائے اور سب کو یکساں حقوق دیے جائیں۔ ان کے مطابق سرداری نظام کی رکاوٹوں کے باعث خضدار میں اسما جتک کو انصاف نہیں مل سکا۔ انہوں نے کہا کہ جب اللہ تعالیٰ نے انسانوں میں فرق نہیں رکھا تو ہم کون ہوتے ہیں۔
رکن اسمبلی علی مدد جتک نے بھی سرداری نظام کے خاتمے کی قرارداد کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پڑھا لکھا نوجوان سرداری نظام کی حمایت نہیں کرتا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں اکثر سردار ظالم ہیں، تاہم معاشرے میں اچھے سردار بھی موجود ہیں۔
رکن اسمبلی زرک مندوخیل نے قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ وہ سرداری نظام کے خاتمے سے متعلق قرارداد کو مسترد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایسے سرداروں اور نوابوں کو نہیں مانتے جو ظلم کرتے ہیں اور پاکستان کو تسلیم نہیں کرتے، تاہم آج بھی ایسے سردار اور نواب موجود ہیں جو ملک کی ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کررہے ہیں۔
زرک مندوخیل نے سرفراز بگٹی، چیف آف بگٹی سمیت دیگر سرداروں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ تعلیم اور ترقی کے لیے کردار ادا کررہے ہیں۔
رکن اسمبلی زابد ریکی نے کہا کہ وہ سرداروں یا نوابوں کے خلاف نہیں، تاہم ظالم کی کبھی حمایت نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسما جتک کے ساتھ ہونے والا ظلم سب نے دیکھا ہے۔ اگر ملک میں اسلامی نظام قائم کیا جائے تو مسائل حل ہوسکتے ہیں۔
زابد ریکی نے مزید کہا کہ بلوچستان کے حالات ایسے ہیں کہ نواب اور سردار بھی شاہراہوں پر سفر نہیں کرسکتے۔
رکن اسمبلی فرح عظیم شاہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہر اس نظام کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا جو بلوچستان کو پسماندہ رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ تمام نوابوں اور سرداروں کے خلاف نہیں ہیں۔







