پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت معدنیات کی تلاش کے لیے اپنی ترجیحات کو عالمی سطح پر اہمیت رکھنے والے وسائل کی جانب منتقل کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں بلوچستان کے ضلع چاغی اور مغربی بلوچستان میں تانبے اور سونے کے ذخائر کی تلاش جاری ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں لیتھیم، ٹن اور ٹنگسٹن سمیت اہم معدنیات کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اسی طرح خیبر پختونخوا میں اینٹی منی اور دیگر بنیادی دھاتوں کی تلاش کے لیے بھی کام کیا جا رہا ہے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان طویل عرصے سے خام معدنیات برآمد کرتا اور تیار شدہ دھاتیں درآمد کرتا رہا ہے، جس کے باعث معدنی وسائل سے حاصل ہونے والی ممکنہ معاشی قدر کا بڑا حصہ ملک سے باہر منتقل ہوتا ہے۔ حکومت اب اس رجحان کو تبدیل کرنے کے لیے کان کنی کے ساتھ معدنیات کی پراسیسنگ اور ریفائننگ کے شعبوں کو بھی ترقی دینا چاہتی ہے۔ تانبے کی پگھلائی کے منصوبوں کے ذریعے خام مال سے تیار دھات تک پیداواری عمل میں پاکستان کا کردار بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق پاکستان جیولوجیکل سروے کے ذریعے معدنی شعبے کی سائنسی بنیادیں مضبوط بنائی جا رہی ہیں، جبکہ ملک کے مختلف علاقوں میں تفصیلی ارضیاتی نقشہ سازی اور سروے کا عمل بھی جاری ہے۔ برطانیہ کے تعاون سے جیو سائنس استعداد کار میں اضافے کے پروگرام کے تحت ڈیجیٹل نقشہ سازی، فضائی سروے اور معدنی ذخائر کے جائزے کے لیے جدید صلاحیتیں پیدا کی جا رہی ہیں، تاکہ سرمایہ کاروں کو قابلِ اعتماد معلومات فراہم کی جا سکیں اور معدنی منصوبوں کے خطرات کم کیے جا سکیں۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ معدنی ذخائر کی دریافت کے بعد انہیں تجارتی طور پر قابلِ عمل بنانا بھی ایک بڑا مرحلہ ہے، جس کے لیے بجلی، پانی، سڑکوں، ریلوے اور بندرگاہوں تک مؤثر رسائی ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے روہڑی، نوکنڈی ریلوے کوریڈور کی اپ گریڈیشن، پورٹ قاسم سے رابطوں کی بہتری اور ریکوڈک کے اطراف بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو اہمیت دی جا رہی ہے، تاکہ معدنی وسائل کی ترسیل اور برآمدات کے لیے سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ حکومت کی حکمت عملی صرف معدنی ذخائر سے خام مال نکالنے تک محدود نہیں بلکہ ایک مربوط، مسابقتی اور پائیدار معدنی صنعت قائم کرنا ہے۔ اس صنعت میں مقامی سطح پر پراسیسنگ، ریفائننگ، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور متعلقہ صنعتی شعبوں کی ترقی کو فروغ دیا جائے گا۔ ان کے مطابق اس شعبے میں عالمی سرمایہ کاری پاکستان کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور مقامی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معدنی منصوبوں کی کامیابی کے لیے مقامی آبادی کا اعتماد حاصل کرنا بھی ناگزیر ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ کان کنی کے منصوبوں سے متعلقہ علاقوں کے نوجوانوں کو روزگار اور ہنر سیکھنے کے مواقع ملیں، جبکہ خواتین کی پیشہ ورانہ شعبوں میں شمولیت کو بھی یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے معدنی وسائل کو قومی ترقی اور صنعتی خودکفالت کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کرنا چاہتا ہے۔
دوسری جانب وفاقی آئینی عدالت کے قیام کو ایک سال مکمل ہوگیا ہے۔ عدالت کے قیام کے وقت سپریم کورٹ سے 23 ہزار 998 مقدمات منتقل کیے گئے تھے، جبکہ عدالت میں پہلا مقدمہ 21 نومبر 2025 کو دائر ہوا تھا۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق وفاقی آئینی عدالت نے اپنے پہلے سال کے دوران 8 ہزار 735 مقدمات نمٹائے، جبکہ اس عرصے میں 6 ہزار 657 نئے مقدمات بھی دائر ہوئے۔ تاہم ایک سال گزرنے کے باوجود 21 ہزار 750 سے زائد مقدمات تاحال فیصلوں کے منتظر ہیں۔







