امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر فلسطینی تنظیم حماس کو سخت وارننگ دی ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ اگر حماس نے ان کے امن معاہدے پر عمل درآمد نہ کیا تو امریکا فوری اور ممکنہ طور پر طاقت کے ذریعے اقدامات کرے گا۔
وائٹ ہاؤس میں ارجنٹائن کے صدر سے ملاقات کے موقع پر ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے حماس کو پیغام دیا تھا کہ وہ ان کے 20 نکاتی امن منصوبے کے مطابق غیر مسلح ہونے پر اتفاق کرے۔ ٹرمپ نے واضح کیا کہ اگر حماس ہتھیار نہیں ڈالتی تو ہم انہیں خود غیر مسلح کردیں گے اور یہ سب فوری ہوگا۔
مزید براں غزہ کی تازہ صورتحال کے مطابق امریکا کی ثالثی میں ہونے والے جنگ بندی معاہدے کے تحت حماس نے اسرائیل کو 20 زندہ یرغمالی واپس کیے جبکہ چار ہلاک شدہ یرغمالیوں کی لاشیں ریڈ کراس کے ذریعے اسرائیلی حکام کے حوالے کر دی گئیں۔ اسرائیلی فوج نے تصدیق کی کہ لاشیں تل ابیب منتقل کر دی گئی ہیں۔
واضع رہے کہ اسرائیل نے معاہدے کے تحت 1800 سے زائد فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا تاہم جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کی کارروائی میں نو فلسطینی شہید ہو گئے جسے معاہدے کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا جا رہا ہے۔





