لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کپتان شاہین شاہ آفریدی، فاسٹ بولر حارث رؤف اور اوپنر فخر زمان ایک ساتھ موجود ہیں۔ ویڈیو میں فخر زمان حارث رؤف سے گیند لیتے ہیں اور چند لمحوں بعد اسے واپس کر دیتے ہیں، تاہم اسی دوران امپائر گیند کو تبدیل کر دیتے ہیں اور لاہور قلندرز پر 5 رنز کی پینلٹی عائد کر دی جاتی ہے۔
اس واقعے کے بعد شائقین کرکٹ اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ کئی صارفین نے فخر زمان پر تنقید کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا، جبکہ کچھ نے اسے پی ایس ایل اور پاکستان کرکٹ کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔
سوشل میڈیا پر ایک صارف اسامہ ظفر نے دعویٰ کیا کہ ایسے واقعات پہلے بھی ہوتے رہے ہیں، جبکہ دیگر صارفین نے بھی اس معاملے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے کہا کہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد فخر زمان کے خلاف کارروائی کا امکان ہے اور ان پر بھاری جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل کا کہنا تھا کہ اگر شواہد ثابت ہو گئے تو نہ صرف فخر زمان بلکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کو بھی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
کرکٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بال ٹیمپرنگ ایک سنگین خلاف ورزی ہے اور اگر یہ ثابت ہو جائے تو کھلاڑیوں پر جرمانے کے ساتھ ساتھ پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے۔ ماضی میں بھی بین الاقوامی کرکٹ میں ایسے واقعات پر سخت سزائیں دی جا چکی ہیں۔
عبدالرؤف خان نے کہا کہ بال سے چھیڑ چھاڑ یا ٹیمپرنگ کی بالکل بھی ضرورت نہیں تھی۔لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں پر اگر یہ ثابت ہو جاتا ہے تو اس کے بہت ہی افسوسناک نتائج نکلیں گے جو کہ پی ایس ایل اور پی سی بی کیلئے بھی نقصان دہ ہوں گے۔ کھلاڑی پر بھی بین لگ سکتا ہے۔ سسپنشن بھی ہوسکتی ہے۔
تاہم کچھ حلقوں نے اس معاملے پر محتاط رویہ اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ سلیم خالق نے کہا کہ چند سیکنڈز کی ویڈیو کی بنیاد پر کسی نتیجے پر پہنچنا مناسب نہیں، مکمل تحقیقات کے بعد ہی کوئی فیصلہ ہونا چاہیے۔
میچ کے بعد کمنٹری کے دوران جب اس معاملے پر شاہین شاہ آفریدی سے سوال کیا گیا تو انہوں نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ویڈیو دیکھنے کے بعد ہی اس پر کوئی مؤقف اختیار کریں گے۔
رمیز راجہ کا شاہین شاہ آفریدی سے سوال :
— Ather Salem® (@AthSal01) March 29, 2026
"میچ کے آخر میں آپ سے گیند لے لی گئی کیونکہ اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ (بال ٹیمپرنگ) ہوئی تھی، اس بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟"
شاہین: "مجھے کچھ معلوم نہیں، کیمروں میں دیکھیں گے… پھر بات ہوگی کہ یہ کس نے کیا۔"
👀 معاملہ سنجیدہ لگ رہا ہے… کیا سچ… pic.twitter.com/6tUVfgvQEW
ذرائع کے مطابق میچ ریفری نے فخر زمان اور ٹیم مینجمنٹ کو طلب کر لیا ہے، جہاں اس معاملے کی سماعت جاری ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فخر زمان نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
واضع رہے کہ اس واقعے کا حتمی فیصلہ میچ آفیشلز اور پی سی بی کی تحقیقات کے بعد سامنے آئے گا، تاہم اس نے پی ایس ایل کے جاری ایڈیشن میں تنازع کی فضا ضرور پیدا کر دی ہے۔







