سپارکو کے مطابق پاکستان کے پہلے قمری روور کا نام ’جناح-1‘ رکھا گیا ہے، جس کا انتخاب ملک گیر مقابلے میں موصول ہونے والی 4 ہزار سے زائد تجاویز کے جائزے کے بعد کیا گیا۔
سپارکو کے مطابق ’جناح-1‘ کا نام مجموعی طور پر 7 شرکاء نے تجویز کیا تھا، جس کے بعد فاتح کے انتخاب کے لیے قرعہ اندازی کی گئی۔ قرعہ اندازی میں بہاول نگر سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ طیب کریم فاتح قرار پائے۔
چیئرمین سپارکو محمد یوسف خان نے کہا کہ ’جناح-1‘ قائداعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ پاکستان کے عزم، ترقی اور نئے خلائی افق کی علامت ہے۔
سپارکو کے مطابق پاکستان کا پہلا قمری روور 2029 میں چین کے چانگ ای-8 مشن کے ذریعے چاند کے جنوبی قطب کی جانب روانہ ہوگا۔
مقامی طور پر تیار کیا جانے والا ’جناح-1‘ جدید سائنسی آلات سے لیس ہوگا اور چاند کی سطح کے جغرافیائی خدوخال، قمری پلازما اور تابکاری کا مطالعہ کرے گا۔
مزید پڑھیں: ’ایکس‘ پر کمائی کے لیے اب نیا نظام متعارف، کس کو فائدہ اور کس کو نقصان ہوگا؟
سپارکو کے مطابق روور مستقبل میں قمری تحقیق اور چاند پر انسانوں کی پائیدار موجودگی کے امکانات سے متعلق اہم تجربات بھی کرے گا، جسے پاکستان کے خلائی تحقیق کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔







