آئندہ سال پاکستان میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں نیشنل کوآرڈینیٹرز کا سہ روزہ اجلاس جاری ہے، جس کا پہلا روز اسلام آباد میں مکمل ہوگیا۔
پاکستان کی جانب سے میزبان ملک کے نیشنل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر فیصل نے اجلاس کی صدارت کی، جس میں ایس سی او کے رکن ممالک کے نیشنل کوآرڈینیٹرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں انڈیا کی جانب سے 2 رکنی سرکاری وفد بھی شریک ہوا۔ ذرائع کے مطابق انڈین وفد کی قیادت نیشنل کوآرڈینیٹر الوک امیتابھ دیمری کر رہے ہیں، جب کہ وفد میں پیوش ورما بھی شامل ہیں۔
اجلاس کے پہلے روز رکن ممالک کے درمیان تعاون، رابطہ کاری اور آئندہ سال ہونے والے سربراہ اجلاس سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہ اجلاس آئندہ سال پاکستان میں ہوگا، جس کی تیاریوں کے سلسلے میں رکن ممالک کے نیشنل کوآرڈینیٹرز کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد کیا جارہا ہے۔







